ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دفاعی کمیٹی کی میٹنگ سے راہل گاندھی کا واک آوٹ

دفاعی کمیٹی کی میٹنگ سے راہل گاندھی کا واک آوٹ

Thu, 15 Jul 2021 12:13:31    S.O. News Service

نئی دہلی،15؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی)  کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بدھ کو پارلیمانی دفاعی کمیٹی  کا واک آوٹ کر دیا۔ نیوز ایجنسی اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق، دفاعی کمیٹی کے سامنے راہل گاندھی اور باقی کانگریس اراکین پارلیمنٹ نے لائن آف حقیقی کنٹرول (ایل اے سی) پر بحث کرنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن کمیٹی کے صدر نے ان کا یہ مطالبہ مسترد کردیا۔ کمیٹی کے ذریعہ مطالبہ مسترد کئے جانے کے بعد راہل گاندھی تمام کانگریسی اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ باہر آگئے۔

اس میٹنگ میں ہندوستان نے چین کو دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ دو طرفہ تعلقات میں اضافہ کے لئے سرحد پر امن اور خوشحالی کی بحالی ضروری ہے۔ ہندوستان نے واضح کیا کہ یکطرفہ تبدیلی قبول نہیں کی جائے گی۔ میٹنگ کے دوران سینئر کمانڈرس سطح پر بات چیت کے لئے رضا مندی بنی ہے۔

ذرائع نے ’پی ٹی آئی- بھاشا’ کو بتایا کہ بی جے پی اراکین پارلیمنٹ جوال اوراوں کی صدارت والی کمیٹی میں شامل کچھ دیگر اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے بھی راہل گاندھی کی حمایت کی۔ ایک ذرائع نے بتایا، ’میٹںگ کے ایجنڈے میں چھاونی بورڈوں پر کام کاج پر بحث کرنا شامل تھا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ گزشتہ کچھ میٹنگ سے مسلسل اسی پر بات ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پر بات ہو، لیکن چین سرحد پر جو کر رہا ہے اور افغانستان میں جو ہو رہا ہے، ایسے بڑے موضوعات پر بھی بحث ہونی چاہئے’۔

ذرائع کے مطابق، اس پر کمیٹی کے سربراہ جوال اوراوں نے کہا کہ جو موضوع ایجنڈے میں ہے، اسی پر بات ہوگی۔ ذرائع نے بتایا، ’ایک دیگر اپوزیشن جماعت کے لیڈر نے بھی راہل گاندھی کی بات کی حمایت کی اور کہا کہ چین کی جارحیت سمیت کئی اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کرنا ضروری ہے‘۔

حالانکہ یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے جب راہل گاندھی دفاعی کمیٹی کی میٹنگ کو چھوڑ کر باہر آگئے ہوں۔ اس سے پہلے دسمبر 2020 میں بھی راہل گاندھی اپنے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ دفاعی کمیٹی کی میٹنگ کو بیچ میں چھوڑ کر نکل گئے تھے۔ انہوں نے تب الزام لگایا تھا کہ فوجیوں کو کس طرح بہتر طریقے سے مضبوط کیا جائے، اس کی بجائے یونیفارم پر بحث کرکے وقت خراب کیا جا رہا تھا۔ اس میٹنگ میں سی ڈی ایس بپن راوت بھی موجود تھے۔


Share: